اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کےبعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو اسلام آباد طلب کرلیا۔وزیراعظم خیبرپختونخواہ میں اگلے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو فوری طورپر اسلام آباد طلب کرلیا ۔ وزیراعظم کے طلب کرنے پر محمود خان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان وزاء کو ان کے حلقوں میں شکست کے حوالے سے دریافت کریں گے ۔جبکہ وزیراعلیٰ کے پی وزیراعظم کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق آگاہ کریں گے جب کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ساتھ نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر رہنماؤں کی نشاندہی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی کے لیے گائیڈ لائنز دیں گے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی نے واضح کامیابی حاصل کی جس میں اسے چیئرمین کی 17 اور میئر کی 3 نشستیں ملیں جب کہ ایک بھی میئر شپ پی ٹی آئی کے حصے میں نہیں آسکی ۔
تبصرے بند ہیں.