الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا

48

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ پر اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق اجلاس کی صدارت خود کریں گے جس میں ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر قائم تکنیکی کمیٹی کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر تین مختلف کمیٹیاں بنا رکھی ہیں جن میں سے اجلاس میں طلب کی گئی تکنیکی کمیٹی ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے آئندہ الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قانون کے نفاذ کیلئے ٹائم لائن مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ 
وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن، ای وی ایم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قوانین کے نفاذ کیلئے ٹائم لائن مقرر کرے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی زیر التوا قانون سازی کیلئے 20 اور 22 دسمبر کو بالترتیب سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس طلب کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی پر عملدرآمد کیلئے ٹائم لائن مقرر کرے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.