لاہور: پنجاب حکومت نے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات کو دو مرحلوں میں تقسیم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، جس دوران سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کروا دیا گیا۔عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں شامل نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سموگ سے متاثرہ 24 اضلاع میں موسم سرما کی تعطیلات 23 دسمبر سے 6 جنوری 2022 تک ہوں گی جس دوران سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے، ان اضلاع میں لاہور، قصور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، سرگودھا، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں پنجاب کے دیگر 12 اضلاع میں 3 جنوری 2022 سے 13 جنوری 2022 تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ ان اضلاع میں جہلم، میانوالی، اٹک، مظفر گڑھ، چکوال، بھکر، راولپنڈی، راجن پور، لیہ، رحیم یار خان ، ڈیرہ غازی خان اور چنیوٹ شامل ہیں۔
بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت میں حکومت پنجاب کو 21 دسمبر کو سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ اگر صوبائی حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو پھر عدالت فیصلہ سنائے گی۔
تبصرے بند ہیں.