کابل :افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے او آئی سی جیسے پلیٹ فورم پر افغانستان میں جاری انسانی بحران کیلئے کوششیں کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
سہیل شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت افغانستان میں جاری انسانی بحران کو دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ عالمی پابندیوں کو مکمل طور پر ہٹایا جائے ،انہوں نے کہا کہ اگر افغان طالبان کو لے کر کسی کو کوئی ایشو ہے تو ہم سے بات کر لے ،اوآئی سی میں شامل تمام ممالک سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو نہ صرف افغانستان کی مدد کرنی چاہیے بلکہ افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے میں پہل کرنی چاہیے کیونکہ موجودہ حکومت عوام کی حمایت یافتہ حکومت ہے جو 20 سالہ جدو جہد کے بعد وجود میں آئی ہے ۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا وفد بہت جلد افغانستان کا دورہ کرے گا جس کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں ،انہوں نے کہا اسلامی ممالک کی طرف سے بھیجے جانے والایہ وفد افغان عوام کیلئے مثبت ہوگا کیونکہ اسلامی ممالک کے نمائندہ زمینی حقائق دیکھ کرہی دنیا کو افغانستان کا مثبت پہلو بتا سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام آزادی پسندوں اور خصوصاً مسلم ممالک کو اسلامی بھائی چارے کے تحت ہماری مدد کرنی چاہیے۔
تبصرے بند ہیں.