لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے ایونٹ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ثمین رانا کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔
اس سے قبل ٹیم کی قیادت سہیل اختر کے پاس تھی جو فرنچائز کیلئے سب سے کامیاب کپتان ثابت ہوئے اور ٹیم نے لیگ میں اپنا واحد فائنل میچ بھی ان کی قیادت میں ہی کھیلا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل 6 میں سہیل اختر کے نائب کپتان تھے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کو جوائن کیا تھا جس کے بعد وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ وہ لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہونے کیساتھ ساتھ لیگ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ساتویں باؤلر بھی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.