سابق چیف جج رانا شمیم کے اصل بیان حلفی کا سربمہر لفافہ کمرہ عدالت میں پیش کر دیا گیا

42

اسلام آباد: گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا لندن سے منگوایا گیا اصل بیان حلفی کا سربمہر لفافہ کمرہ عدالت پہنچا دیا گیا ہے جو عدالت میں کھولا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ، سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر توہین عدالت کیس کی سماعت کر رہے ہیں جبکہ راناشمیم عدالت میں موجود ہیں۔ 
اس کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل قاسم ودود عدالت کے سامنے پیش ہوئے، قاسم ودود نے عدالت کو بتایا کہ آج اٹارنی جنرل کراچی میں کچھ علاج کیلئے گئے ہیں۔ 
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہم اٹارنی جنرل کا انتظار کرلیتے ہیں، اس موقع پر لندن سے کورئیر کے ذریعے آیا لفافہ کمرہ عدالت پہنچایا گیا۔فیصل صدیقی کے وکیل نے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ اس کیس میں فریقین کے جواب دیکھنے کے بعد میں نے بریف جمع کرا دیا ہے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ لندن سے آیا کورئیر سربمہر رکھا ہوا ہے، آپ چاہیں تو ابھی کھول سکتے ہیں، آپ کے کلائنٹ مانتے ہیں اخبار میں جو چھپا ہے وہ ان کے بیان حلفی کے مطابق ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کو تنقید سے گھبراہٹ بالکل نہیں ہے، تین سال بعد ایک بیان حلفی دے کر اس کورٹ کی ساکھ پر سوال اٹھایا گیا۔
واضح رہے کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو سابق چیف جج رانا شمیم کا اوریجنل بیان حلفی لندن سے گزشتہ ہفتے کوریئر کے ذریعے موصول ہوا ہے جس کے بعد رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوریئر کے سربمہر لفافے کو ایک اور سیل لگا دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.