نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دسمبر 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی

77

اسلام آباد :نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال دسمبر میں پاکستان میں دورہ کرے گی ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی نیوزی لینڈکرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ملاقات کے بعد دورے کو حتمی شکل دے دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دسمبر 2022 ، جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، مہمان ٹیم اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آئے گی جہاں وہ دس وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقات کے بعد حتمی شکل دی گئی ۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں، وہ ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر بھی بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بورڈز کے مضبوط تعلقات کی ضمانت اور اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجا اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے جبکہ دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ، دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.