کراچی: شہر قائد کے علاقے نیوکراچی میں چار روز قبل چھری کے وار کر کے جوان لڑکی کو قتل کرنے والے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے مقتولہ صباءکی شہرت سے خائف ہو کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق رواں مہینے کی 14 تاریخ کو بلال کالونی تھانے کے علاقے نیو کراچی میں اقصیٰ مسجد کے قریب سٹی کورٹ جانے کیلئے گھر سے نکلنے والی نوجوان لڑکی صباءدختر محمداسلم کو اس کے پڑوسی غضنفر نے گھر سے کچھ فاصلے پر چھری کے وار کر کے قتل کردیا تھا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
پولیس نے سرکاری مدعیت میں مفرور ملزم غضنفرکے خلاف قتل کامقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی تھی اور گزشتہ روز بلال کالونی پولیس نے 27 سالہ لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم غضنفر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ مقتول صباءنے محلے میں ایک ویلفیئر بنا رکھی تھی اور لوگوں کے کام کیا کرتی تھی جس پر لوگ اس کی تعریف کرتے تھے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اسے صباءکا ویلفیئر کا کام کرنا اچھا نہیں لگتا تھا اور اس کی شہرت سے خائف تھا جس کے باعث قتل کا منصوبہ بنایا۔
تبصرے بند ہیں.