سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے بڑی شرط رکھ دی

422

ریاض:سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے بڑی شرط رکھتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد فلسطین کو تسلیم کرنے پر تمام 57 مسلم ممالک اس کو تسلیم کریں گے۔

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی سفیر برائے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل 1967 والی سرحدوں پر واپس جائے تو سعودی عرب اسے تسلیم کرے گا، اسرائیل یہ اقدام کرے گا تو تمام مسلم ممالک اسے تسلیم کریں گے۔ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ پہلے بھی غلط تھا آج بھی غلط ہے،مغربی کنارے میں تعمیرات اور غزہ کا محاصرہ غلط ہے، وقت بدلنے سے غلط صحیح نہیں ہوتا، سعودی عرب پرانی پالیسی پر ہی کاربند ہے۔

 

گزشتہ ماہ اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ تقریباً 20 امریکی یہودی رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور وہاں سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ وفد نے جن عہدیداروں سے ملاقات کی ان میں 6 حکومتی وزرا اور سعودی شاہی گھرانے کے سینئر نمائندے بھی شامل تھے، ملاقات کا مقصد ریاض اور تل ابیب کے درمیان تعلقات قائم کرنے کے امکانات پر نظرِ ثانی کرنا تھا۔

 

سعودی عرب نے بارہا اسرائیل کے ساتھ امن کے لیے عرب پیرامیٹرز کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جس کا اظہار 2002 کے سعودیہ کے تجویز کردہ عرب اقدام میں کیا گیا تھا۔

 

خیال رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران مشرقی یروشلم پر قبضہ کیا تھا اور 1980 میں پورے شہر کا الحاق کرلیا تھا۔ مصر اور اردن کے بعد مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والا ملک متحدہ عرب امارات تھا۔

 

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہ تعلقات کو معمول پر لائیں گے جبکہ حکومتی سطح پر بینکنگ، کاروباری معاہدوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے خلاف طویل مدت سے جاری بائیکاٹ کو ختم کریں گے۔ بعدازاں قریبی ملک بحرین نے بھی 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے یو اے ای کے ساتھ مل کر معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ جس کے بعد سوڈان 2 ماہ کے عرصے میں تیسرا مسلمان ملک تھا جس نے اسرائیل سے دشمنی ختم کرنے اور تعلقات معمول پر لانے کا اعلان کیا لیکن مکمل روابط اب تک عملی شکل میں نہیں آئے۔

 

متحدہ عرب امارات اور بحرین وہ تیسرے اور چوتھے عرب ممالک تھے جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کیے جبکہ مصر اور اردن بالترتیب 1979 اور 1994 میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدات پر دستخط کر چکے تھے۔

 

تبصرے بند ہیں.