پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

209

اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دیدی ہے، نئی قیمتوں کا اعلان آج وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کر لی، جس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی جانب سے ٹیکس کی تشخیص کے بعد کیا جائے گا۔اوگرا ذرائع کے مطابق لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں ردوبدل اگر ہوتا ہے تو یہ آئندہ 15 دنوں کیلئے ہو گا۔
ذرائع کے مطابق  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں  کے حوالے سے یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں دنیا بھر میں خام تیل کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا ہے اور عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں مشیرخزانہ  شوکت ترین نے بھی  کہا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کے مطابق یکم سے 15 دسمبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے گا۔جس کے بعد پٹرول کی قیمت 145.82 روپے فی لیٹر ، ڈیزل  142.62 روپے فی لیٹر  جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 116.53 روپے اور 114.07 روپے فی لیٹر  برقرار رکھی گئیں تھیں۔

تبصرے بند ہیں.