کراچی: اسٹیٹ بینک نے بینک صارفین کیلئے آسان موبائل اکاؤنٹ کے نام سے زبردست سہولت متعارف کروا دی ہے، جس سے اب ایک عام فون رکھنے والا پاکستانی بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کے مطابق ’آسان موبائل اکاؤنٹ‘ کے تحت کسی بھی موبائل فون پر *2262# کوڈ ڈائل کرنے سے برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹ کھولا جاسکتا ہے، صارف برانچ لیس بینکنگ ایجنٹ کے پاس جاکر اپنے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرانے کے بعد اسے موبائل فون کے ذریعے استعمال کر سکےگا، انہوں نے مزید کہا کہ سروس کی مزید خاص بات یہ ہے کہ اس کو استعمال کرنے کیلئے کسی سمارٹ فون کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ یہ کسی عام فون (بٹن والا) پر بھی باآسانی قابل استعمال ہو گی۔
گزشتہ روز آسان موبائل اکاؤنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر رضا باقر نے کہا کہ آسان موبائل اکاؤنٹ سے بینک اکاؤنٹ کھلوالنے میں اضافہ ہو گا نمایاں اضافہ ہوگا اور انٹرنیٹ تک کم رسائی یا برانچ لیس بینکنگ آؤٹ لیٹس/بینک برانچوں سے دوری عوام کیلئے اب مزید سروسز تک رسائی میں رکاوٹ نہیں بنیں گی، اکاؤنٹ کھولنے کیلئے کسی بھی ادارے کا انتخاب کرنے کا اختیار بھی صارف کے پاس ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بایو میٹرک تصدیق شدہ موبائل صارفین کی تعداد 18 کروڑ سے زائد ہے، تاہم ان میں صرف 10 کروڑ کے لگ بھگ صارفین کی موبائل انٹرنیٹ تک رسائی ہے، اس طرح ہمیں تقریباً 8 کروڑ سے زائدموبائل فون صارفین کی ممکنہ مارکیٹ حاصل ہے جو آسان موبائل اکاؤنٹ صارفین بن سکتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.