انڈونیشیا میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

66

جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں شدید زلزلے کے بعدسونامی کے خطرے سے خبردار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں  ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرہ فلوریس کے ٹاؤن مومیر  کے گردونواح میں زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ  زلزلہ فلوریس کے سمندر میں 76 کلو میٹر گہرائی میں آیا ہے۔تاہم زلزلے سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  زلزلے کے بعد سونامی کی لہریں آ سکتی ہیں، جو کہ زلزلے کے مرکز سے 1 ہزار کلو میٹر کے دائرے میں ممکن ہیں۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا کو  بحرالکاہل "رنگ آف فائر” پر اپنی پوزیشن کی وجہ سے بار بار زلزلوں اور آتش فشاں پھٹنے  کے واقعات کا سامنا رہتا ہے ۔
انڈونیشیا میں آنے والے خطرناک ترین زلزلوں میں  2004 میں آنے والا زلزلہ تباہ کن تصور کیا جاتا ہے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر  9.1  ریکارڈ کی گئی تھی ، اس زلزلے نے بھی  سونامی کو جنم دیا تھا  جس سے انڈونیشیا سمیت پورے خطے میں 220,000 افراد  لقمہ اجل بن گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.