فیصل آباد: فیصل آباد میں خواتین تشدد کیس میں ملوث ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ملت ٹاون کے علاقہ باوا چک میں خواتین تشدد کیس میں ملوث پانچ ملزمان کو علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کو سخت سیکورٹی میں عدالت لایا گیا۔
کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ویڈیو میں تمام حقائق سامنے آ چکے ہیں۔ لہذا مقدمہ خارج کیا جائے اور ملزمان کو رہا گیا جائے،جبکہ پولیس کو ہدایت کی جائے کہ جو اصل وقوعہ کی درخواست ملزمان کی جانب سے دی گئی ہے اس پر کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، کونکہ خواتین کے جرائم کے اصل حقائق سامنے آ چکے ہیں،جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
دوسری جانب عدالت کے باہر ملزمان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس حقائق سامنے آنے کے باوجود خواتین کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی،خواتین کا جرائم پیشہ گروہ سے تعلق ہے اور یہ پہلے بھی وارداتوں میں ملوث ہیں، خواتین خود بے لباس ہوئیں، لہذا ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.