برسبین: آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے جارہے ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نےانگلینڈ کو 9 وکٹ سے ہرا دیا، اور پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو مایوس کن ثابت ہوا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، جس میں جوس بٹلر 39، اولی پوپ 35، حسیب حمید 25 اور کرس ووکس کے 21 رنز شامل تھے ، جبکہ مہمان ٹیم کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے2، 2 وکٹ لیں اور ایک وکٹ کیمرون گرین لینے میں کامیاب ہوئے ۔جواب میں کینگروز ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کے 152 اور ڈیوڈ وارنر کے 94 رنز کی بدولت 425 رنز بنائے اور انگلینڈ کے خلاف 278 رنز کی برتری برتری حاصل کر لی، مہمان ٹیم کی جانب سے اولی روبنسن اور مارک ووڈ 3،3 ، کرس ووکس 2 جبکہ جیک لیچ اور جوناتھن روٹ ایک ایک وکٹ لے سکے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے 278 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز خاطر خواہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور 61 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ڈیوڈ ملن اور جو روٹ نے ٹیم کو سہارا دیا اور بالترتیب 82 اور 89 رنز بنائے تاہم ان کے بعد مہمان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے سپنر نیتھن لیون نے 91 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ، جبکہ پیٹ کمنز اور کیمرون گرین نے 2،2 ، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔
آسٹریلیا کو اپنی دوسری اننگز میں پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے محض 20 رنز کا ٹارگٹ ملا جو میزبان ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ایڈیلیڈ اوول میں 16 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.