پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے ٹکٹوں کی خریداری میں شائقین کی عدم دلچسپی

58

لاہور: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شیڈول ہوم سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے مگر شائقین کرکٹ کی جانب سے ٹکٹوں کی خریداری میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے صرف 30 فیصد ٹکٹ فروخت ہوسکے ہیں اور آن لائن ویب سائٹ پر بھی ٹکٹ خریدنے کی شرح کم دکھائی دیتی ہے۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے ٹکٹوں کی خریداری میں عدم دلچسپی پر ماہرین کرکٹ کی جانب سے بھی حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت بھی انتہائی مناسب رکھی گئی ہے۔ 
پی سی بی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ٹی 20 میچز کیلئے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے اور فرسٹ کلاس انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے میں فروخت کیا جائے گا جبکہ پریمیم انکلوژرز کا ٹکٹ 1000 روپے اور وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب ہو گا۔ 
ون ڈے انٹرنیشنل میچز کیلئے جنرل انکلوژرز کا ٹکٹ 100 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کا ٹکٹ 250 روپے، پریمیم انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے اور وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 1000 روپے میں دستیاب ہو گا۔ 
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت دی گئی ہے اور سٹیڈیم آنے والوں کیلئے اصل شناختی کارڈ، ٹکٹ اور نادرا سے حاصل شدہ کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہو گا۔ 
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کل کراچی پہنچی ہے جس نے آج شام پریکٹس سیشن میں حصہ لینا تھا تاہم مہمان ٹیم نے آرام کو ترجیح دی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹی 20سیریز 13 دسمبر سے شروع ہوگی جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز 18 دسمبر سے ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.