اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم 24 سال سے ملک میں پاک، آسٹریلیا میچز کی منتظر ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جبکہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات کر لئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے سیکیورٹی وفد نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی جس میں وفد کو ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سندھ ،پنجاب حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے اور آسٹریلین کے دورہ پاکستان کے موقع پر سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں اور ٹیم بھیجنے کے اعلان پر آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے شکرگزار ہیں، آسٹریلین ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس دوران تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا، ٹیسٹ میچز کراچی میں ہوں گے جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ کے اور تیسرا میچ 21 مارچ سے 25 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جو 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔
تبصرے بند ہیں.