اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے کہا ہے کہ میرے گھر میں سکون ہے مجھے دوسری شادی کی ضرورت نہیں ، دوسری شادی وہ کرتا ہے جس کے گھر میں سکون نہ ہو ۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ان کا کہنا تھا کہ ہماری دادی نانی ’دیساں دا راجا‘ گاتی تھیں، مریم نے گایا تو کیا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ مریم نواز بہترین لیڈر ہیں اور لیڈر لیڈر ہی ہوتا ہے، لیڈر گانے بھی گاتاہے اور ترانے بھی پڑھتا ہے، لیڈر گانے گواتا بھی ہے اور تگنی کا ناچ بھی نچواتاہے۔
بیٹے کی شادی کے بارے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی شادی پر میں بھی گانا گاؤں گا اور جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس آتا ہے وہ بھی کروں گا۔ ملکی سیاسی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 4 سال سے آئین پاکستان کی بات کر رہا ہوں ، ووٹ کو عزت دو، یہ گانا بیٹے کی شادی میں بھی چلےگا۔
انہوں نے کہا کہ شادی کا سادہ پروگرام رکھا ہے اور اس میں صرف قریبی رشتےدار ہی شریک ہوں گے، شادی پر ون ڈش رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول شادی پر نہ بھی آئیں تو کوئی بات نہیں، آصف زرداری ہمارے دل میں ہیں جبکہ بلاول نہ بھی بلائے اس کی شادی پر جاؤں گا کیونکہ کراچی میں پولیس مجھے نہیں پکڑے گی۔
خیال رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہونا قرار پائی ہے جس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.