پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں، ہر حلقے میں (ن) لیگ کیخلاف الیکشن لڑیں گے: آصف زرداری

44

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کی طرف جا رہے تھے جب ریٹرننگ آفیسر (آر او) دھاندلی کرا کے الیکشن چھینا گیا، پنجاب میں ہر حلقے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کیخلاف الیکشن لڑیں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اس دھرتی کے ہیں اور یہیں مریں گے، جنہوں نے اس دھرتی پر نہیں مرنا ان کیلئے کیا مسئلہ ہے، ہمارے پاس ایسے ایسے کارکن ہیں جو پارٹی کی خاطر جانیں ہتھیلی پر رکھ کر پھرتے ہیں ہم ان کی قدر کرتے ہیں، ہم ہر جگہ ان کا مقابلہ کریں گے جو اس دھرتی پر مرنا بھی نہیں چاہتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133میں بہت اچھے نتائج دئیے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دیں اور مشکل وقت میں جیل کاٹی، پورے پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں پیپلزپارٹی کا جھنڈا نہ ہو، ضمنی انتخاب میں اکثریت سے ووٹ حاصل کئے اور اگر ٹرن آؤٹ بڑھالیتے تو 50 ہزار ووٹ لے سکتے تھے۔ 
انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن لڑا یہ 1977ءکے بعد میاں صاحب بناتے رہے، بی بی صاحبہ بھی یہاں سے جیتی تھیں، انہوں نے اپنے حساب سے گلیاں، محلے، برادریاں دیکھ کر حلقے بنائے ہیں، لاہور ہی نہیں انہوں نے پورے پنجاب میں حلقے بنائے، انشااللہ یہ حلقے ہم تبدیل کریں گے، ہرجگہ پر ہم الیکشن لڑیں گے اور ہرمحلے میں ان کا مقابلہ کریں گے۔ 
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد ہم کامیابی کی طرف جارہے تھے لیکن اس کے بعد آر او الیکشن کرا دیئے گئے اور ہم سے انتخابات چھین لئے گئے، پاکستان بہت بڑی سازش کی وجہ سے بہت بڑے خطرے میں ہے، دنیا پاکستان کوتوڑنا چاہتی ہے اور ہم نے بچانے کا عہد کیا ہے، دعا کریں اللہ ہمیں اقتدارکا موقع دے، میری پارٹی ورلڈ وائیڈ بنا دیں باقی میں ان کوسنبھال لوں گا۔ 
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے منشور میں کہیں نہیں لکھا تھا کہ کے پی کے کا نام تبدیل کیا جائے گا لیکن ہم نے کیا، میرے دماغ میں اب بھی ایسی سوچیں موجود ہیں جس سے پاکستان کامیاب ترین ملک بن جائے گا بس اللہ ہمیں موقع دے، دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.