جیکولین فرنینڈس کو بھارت سے باہر شو کی اجازت نہیں دی گئی

126

ممبئی: بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو بھارت سے باہر جانے سے روک دیا گیا ۔ بھارتی اداکارہ 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے کیس میں تحقیقات میں شامل ہیں ٰ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ممبئی ائر پورٹ پر عین اس وقت سیکورٹی حکام نے روک لیا جب وہ بیرون ملک پرواز میں بیٹھنے والی تھیں ۔

بھارت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری حکم نامے پر امیگریشن حکام نے جیکولین فرنینڈس کو حراست میں لے لیا تاہم کچھ دیر روک کر انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس دوسو کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ اور بھتہ خوری میں ملوث گرفتار ملزم سکیش چندر شیکھر کے کیس میں شامل تفتیش ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے حال ہی میں سکیش چندر شیکھر کے خلاف جاری کی گئی چارج شیٹ میں جیکولین کا نام بھی شامل ہے۔

رواں سال اگست میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں اداکارہ سے 5 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد انہیں دوبارہ طلب کرکے  بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

ببھارتی ٹی وی کا کہنا ہےکہ جیکولین فرنینڈس دبئی میں ایک شو میں شرکت کے لیے جارہی تھیں اور اب ان سے نئی دہلی میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سکیش چندر شیکھر نے جیل میں رہتے ہوئے جیکولین کو 10 کروڑ (بھارتی) روپے سے زائد کے تحفے بھیجے اور ضمانت پر رہائی کے دوران سکیش چندر شیکھر کی جانب سے جیکولین کو ممبئی سے چنئی لانےکے لیے  چارٹرڈ طیارہ بھی بک کروایا گیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو یہ بھی شک ہے کہ  سکیش چندر شیکھر نے ایک تاجر کی بیوی سے لیے گئے بھتے کے پیسے بھی جیکولین کو بھجوائے۔

اس حوالے سے جیکولین کہتی رہی ہیں کہ وہ اس معاملے میں بے قصور ہیں اور تفتیش میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.