لاہور : لاہور کے حلقہ این اے 133 میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ کچھ پولنگ سٹیشنز سے رزلٹ آنا بھی شروع ہوگیا ہے۔ 254 پولنگ سٹیشنز میں سے 164 کے نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک 32 ہزار226 ووٹ لے کر آگے اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل 20 ہزار 3 سو 35 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب کے بڑے معرکے میں پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے اسلم گل اور ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک آمنے سامنے ہیں۔
پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا،ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی امیدوارجمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مستردہوگئے تھے، نشست ن لیگ کے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی۔
حلقے میں 254 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے جن میں سے 34 حساس اور 21 کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔ ووٹرز کی تعدا د4 لاکھ 40 ہزار 485 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 33ہزار 558 جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد 2 لاکھ 6ہزار927 ہے۔ این اے 133 میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ۔
این اے ایک سو تینتیس میں ضمنی انتخاب میں ٹرن آؤٹ کم رہا، جیالے اور متوالے پریشان دکھائی دیئے جبکہ شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے رہنماؤں سے رابطے اورصورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی ،آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی رپورٹس لیتے رہے۔
تبصرے بند ہیں.