پریانتھا قتل کے مرکزی کردار گرفتار کر لیے ہیں، طاہر اشرفی

109

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ فیکٹری میں پریانتھا قتل کے مرکزی کردار گرفتار کرلیے ہیں۔

 

ایک بیان میں طاہر اشرفی نے کہا کہ سری لنکن منیجر کے قتل میں ملوث تمام مرکزی کرداروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر مقدمے کا چالان جلد پیش کیا جائے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ عدلیہ اس کیس کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لے اور اسپیڈی ٹرائل کیا جائے اور 125 افراد گرفتار کیے گئے 19 مرکزی ملزم ہیں، قانون موجود ہے، کسی کو اختیار نہیں کہ خود فیصلے کرنا شروع کردے۔

 

طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ ایک انتظامی معاملہ تھا جسے مذہبی رنگ دیا گیا، 7 دسمبر کو راولپنڈی میں تمام مذاہب کے رہنماؤں کی کانفرنس ہوگی۔

 

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کی سربراہی میں وفد سری لنکن سفارتخانے جائے گا، پاکستانی وفد سری لنکن حکام سے اظہار تعزیت کرے گا۔

یاد رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

 

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

 

تبصرے بند ہیں.