پی ایس ایل 7 سے پہلے اہم آفیشل نے استعفیٰ دیدیا

78

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جنرل منیجر (جی ایم) کمرشل عمران احمد مستعفی ہو گئے ہیں جو اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ڈرافت تک ہی مزید ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران احمد بورڈ میں 2 عہدوں جی ایم کمرشل اور ہیڈ پی ایس ایل پلیئرز ایکوزیشن کے طور پر کام کر رہے تھے تاہم چند روز قبل ہی لیگ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کا عہدہ عثمان واہلہ کو سونپ دیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران احمد خود کو اس پوزیشن کا حق دار سمجھتے تھے لیکن عہدہ کسی اور کو ملنے کے باعث وہ مایوس ہو گئے۔
عمران احمد ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں جو کھلاڑیوں سے رابطے، فرنچائزز کی مشکلات کے حل تلاش کرنے سمیت تمام امور دیکھتے تھے جبکہ حال ہی میں ٹائٹل سپانسر شپ ڈیل میں بھی ان کا اہم کردار تھا جس پر تمام ٹیموں کے مالکان بھی ان سے کافی خوش تھے تاہم اب انہوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ہے اور وہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ تک ذمہ داریاں نبھانے کے بعد اپنے فرائض سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لیے معاملات کو ایک دو دن میں حتمی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور میں ہی کرانے اور پہلا مرحلہ 27 جنوری سے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پی ایس ایل ایڈیشن 7 کے معاملات کے سست روی کا شکار ہونے پر ناخوش ہیں اور انہوں نے تمام معاملات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کر رکھی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.