ممبئی: نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارش کے باعث تاخیر کا شکار میچ میں آج صرف 78 اوورز کا کھیل ہو گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی کپتانی کیلئے ویرات کوہلی نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے تاہم بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا اور پہلے روز کا کھیل صرف 78 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ میچ کا ٹاس ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا۔
میچ کیلئے بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مایانک اگروال، شوب مان گل، چتیشور پجارا، شریاس ائیر، وریدھی من ساہا، اشر پٹیل، روی چندرن ایشوین، جایانت یادیو، اومیش یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی قیادت ٹام لاتھم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ول ینگ، ڈیرل مچل، راس ٹیلر، ہینری نکولس، ٹام بلنڈل، راچن رویندرا، کائل جیمی سن، ٹم ساؤتھی، ولیم سومرویلے اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ نے عمدہ کھیل کی بدولت ڈرا کر دیا تھا جس کے باعث دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن میچ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور میچ جیتنے والی ٹیم سیریز بھی اپنے نام کر لے گی۔
تبصرے بند ہیں.