حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

578

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 15 دسمبر تک کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت 145روپے82 فی لیٹر برقرار رہے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت 142 روپے62 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں چار روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔ پی ڈی ایل بڑھانے کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا گیا۔

پٹرول پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی شرح 9.62 روپے سے بڑھا 13.62 روپے فی لیٹر کردی گئی اسی طرح ڈیزل پر پی ڈی ایل کی شرح 9 روپے 62 پیسے سے بڑھا کر 13.14 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر کمی کا امکان تھا لیکن حکومت نے کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی بجائے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اور جی ایس ٹی میں ایڈجسٹ کر دیا۔

خیال رہے کہ آج پٹرولیم ڈویژن کو اوگرا کی تیل کی قیمتوں میں کمی بیشی کرنے کی ورکنگ موصول ہوئی تھی۔ ورکنگ میں پٹرول 8 روپے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی گئی جس کے بعد پٹرول 5 روپے تک سستا ہو سکتا تھا جبکہ ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک سے دو روپے فی لیٹر کمی کا امکان تھا۔

چند روز قبل ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کم ہو کر 72.91ڈالرفی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ اللہ پاکستان پر مہربان ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر 15 دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کےتعین میں نظر آئےگا۔ یقینی طور تیل کی قیمتوں میں کمی درآمدات اور آئندہ قیمتوں پر اثر انداز ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.