قائمہ کمیٹی اطلاعات کا مریم نواز کی اشتہارات سے متعلق آڈیو لیک کا نوٹس

67

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں مریم نواز کی اشتہارات سے متعلق آڈیو لیک کا نوٹس لے لیا گیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ کمیٹی اس بات کو دیکھ رہی ہے کہ مریم نواز نے کس حیثیت میں ہدایات دیں۔

سینیٹر فیصل جاوید کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کے دور حکومت میں میڈیا چینلز کو دیے گئے اشتہارات کے معاملے پر غور کیا گیا، جبکہ مریم نواز کی آڈیو لیک کے بعد چیئرمین کمیٹی نے معاملے کا نوٹس لیا تھا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی آڈیو سامنے آنے کے بعد وزارت اطلاعات انکوائری کررہی ہے اور بدھ تک مریم نواز کی آڈیو پر تحقیقات مکمل ہو جائے گی جبکہ 2008 سے اب تک اشتہارات کی تفصیلات پر رپورٹ پیش کریں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز نے کچھ چینلز کو اشتہارات نہ دینے کی بات کی، کمیٹی اس بات کو دیکھ رہی ہے کہ مریم نواز نے کس حیثیت میں ہدایات دیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اشتہارات روکنے سے آزادی صحافت کے متاثر ہونے کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ صرف سیاسی دور کی بجائے 1999 سے اشتہارات کو دیکھنا چاہیے۔ کمیٹی اجلاس میں سینئیر صحافی ضیاء الدین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.