بھارت سے آنے والی سکھ خاتون کی پاکستانی شہری سے شادی پر مودی سرکارناراض ہوگئی

339

ممبئی: بھارت سے آنے والی خاتون کو پاکستانی نوجوان سے شادی مہنگی پڑگئی ، مودی سرکار نے دورہ پاکستان میں مذہب تبدیل کرکے شادی کرنے والی پرمجیت کے تاحیات پاکستان آنے پر پابندی لگا دی  ۔

تفصیلات کے مطابق  بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم سکھ خاتون پرمجیت کور اپنے سکھ شوہر کے ہمراہ بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات کے لیے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں۔ پرمجیت نے پاکستان میں اسلام قبول کرکے لاہور کے شہری محمد عمران  سے شادی کرلی۔محمد عمران بھی بولنے اورسننے کی صلاحیت سے محروم ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھ خاتون نے اسلام قبول کرکے اپنا نام پروین سلطانہ رکھا  ۔ سکھ خاتون  پرمجیت کا  محمد عمران سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ  ہوا تھا جو ان کے سکھ شوہر کے علم میں تھا، پرمجیت نے پاکستان آکر جسٹس آف پیس آفس میں پٹیشن دائر کی اور سکھ شوہر کی موجودگی میں مسلمان شخص محمد عمران سے نکاح کیا ۔
رپورٹس کے مطابق  سکھ شوہر نے اپنی اہلیہ کو پاکستانی عدالت میں جاکر طلاق دی جس کے بعد پرمجیت کا نکاح 23 نومبر کو محمد عمران سے ہوا اور بعد ازاں  پروین سلطانہ 26 نومبر کو واہگہ بارڈرکے ذریعے سابقہ شوہر کے ہمراہ بھارت واپس چلی گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ 26 نومبر کو ہی سکھ یاتریوں کا ویزا ختم ہونے کے بعد خاتون نے مسلمان شوہر عمران کے ساتھ بھارت واپس جانا چاہا تھا لیکن پاکستانی شہری عمران کے پاس  ویزا نہ ہونے کے باعث اسے بھارت جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

یاد رہے کہ بھارت واپسی پر پرمجیت کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور  بھارتی شرومنی اکالی دل دہلی کے صدر پرمجیت سنگھ سرنا نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامورکو خط لکھا ہے جس میں خاتون کو پاکستان جانے کے لیے آئندہ ویزا جاری نہ کرنےاور انہیں مستقل طور پر بلیک لسٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔

نئی دہلی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ پرم جیت سنگھ سرنا نے پاکستانی ناظم الامور آفتاب حسن خان کولکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پرمجیت کور نے پاکستان جا کراپنے یاتری ویزا کا غلط استعمال کیا، مذہب تبدیل کیا اور دوبارہ شادی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ  خاتون کے عمل نے سرحد پار سکھ یاتریوں پر گہرامنفی اثرڈالا ہے تاہم وہ پاکستانی حکومت کے فوری ردعمل کو سراہتے ہیں جس سے صورتحال پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد ملی۔انہوں نے درخواست کی کہ خاتون کوآئندہ کسی بھی صورت میں دوبارہ پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

واضح رہے کہ گونگی بہری سکھ خاتون پرمجیت کور لکھنؤ میں پیدا ہوئی ہے اس کی عمر 39 برس ہے ۔ اس کے پاس کولکتہ میں جاری کردہ بھارتی پاسپورٹ نمبر P7867386 ہے۔  جو 26 فروری 2027 تک کارآمدہے ۔

تبصرے بند ہیں.