مہنگی بجلی ،گیس کے بعد مہنگے پٹرول کا بھی بحران،پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں:بلاول بھٹو

75

کراچی :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم بحران پر ردعمل دیتے ہوئے کہا حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات کے معاملے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں آج پورا ملک پریشان ہے،اس بحران کے باوجود اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو یہ تباہ کن ہوگا ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ملک بھر میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، ہر جگہ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، کاروباری امور متاثر ہو رہے ہیں جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبو ت ہیں ،انہوں نے کہا پیٹرولیم ڈیلرز کے معاملے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے،پی ٹی آئی حکومت حل ہونے والے مسائل کو بھی اپنی نااہلی سے بحران بنادیتی ہے، انہوں نے کہا عوام پہلے ہی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول خرید رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلا اضافہ تباہ کن ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا لوڈشیڈنگ کے ساتھ مہنگی بجلی اور قلت کے ساتھ مہنگا پیٹرول اور گیس پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں،انہوں نے کہا پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی بجٹ کو ناکام کہا، آج بجٹ کے ثمرات سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان ایک نااہل حکمران ہیں۔

تبصرے بند ہیں.