طالبان نے افغان ٹی وی ڈراموں میں خواتین کو دکھانے پر پابندی لگا دی ، نیوز اینکرز کو بھی سرڈھانپنے کا حکم
کابل: افغان طالبان نے خواتین کے ڈراموں میں آنے پر پابندی عائد کردی ۔ نیوزاینکرز اور رپورٹرز کو بھی سرڈھانپ کر آنا ہوگا ۔ طالبان نے میڈیا پالیسی اورنئے قوانین کے بارے گائیڈلائنز جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت نے ٹی وی ڈراموں اور ٹی وی شوز پر خواتین کے دکھائے جانے پر پابندی لگادی ہے ۔ اس حوالے سے طالبان نے نئی میڈیا ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق خواتین نیوز اینکر ز اور ٹی وی رپورٹرز کوسکارف پہن کر آنا ہوگا ۔
طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ایسی تمام فلموں پر پابندی ہوگی جو اسلامی قوانین اورافغان آئین کے مطابق نہیں ہوں گی ۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایسی فلمیں بھی ممنوع ہوں گی جن میں مردوں کے جسم کے اعضاء کی نمائش کی گئی ہوگی جبکہ ایسے مزاحیہ پروگرام اور اینٹرٹینمٹ شوز بھی نہیں دکھائے جاسکیں گے جو اسلامی احکامات اورافغان آئین سے متصادم ہوں ۔
واضح رہے کہ افغان حکومت کی طرف سے نئی میڈیا گائیڈلائنز اورآٹھ نئے احکامات کے بارے افغانستان کے سرکاری ٹی وی پر بھی آگاہ کردیا گیا ہے ۔ افغانستان میں طالبان نے برسراقتدار آنے کے بعد سکول جانے والے بچیوں پر تعلیم حاصل کرنے پر پابندی لگا دی تھی ۔
تبصرے بند ہیں.