اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر کے بے بنیاد ریمارکس ایک طرف فریب ہیں اور دوسری طرف اپنے ہمسایہ کے خلاف خاص دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی مہم مکمل طور پر بے نقاب اور بدنام ہو چکی ہے،کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ بھارتی رہنما پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈا میں مصروف رہتے ہیں،بھارت عالمی برادری کی توجہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی وسیع پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں سے ہٹانا چاہتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، فروری 2019 میں بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے میں پوری دنیا پاکستان کی صلاحیت اور عزم کی گواہ تھی، یہ ایک مستند حقیقت ہے کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں، ماورائے عدالت قتل، حراست میں ہلاکتیں، تشدد، معصوم بچوں سمیت لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور گھروں کو گرا کر سزا دینا ان جرائم میں شامل ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے ڈوزیئر میں کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،بھارتی حکومت کشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والی پرامن آوازوں کو خاموش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی مختلف قراردادوں میں کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،پاکستان ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا،پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے تمام کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
تبصرے بند ہیں.