کوئٹہ: مسلح افرادکی فائرنگ سے پی پی رہنما میر محمدخان ابابکی سمیت 5افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مستونگ کے ولی خان بائی پاس پر مسلح افراد نے فائرنگ کرد ی جس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و قبائلی شخصیت میر محمد خان ابابکی سمیت 5افرادج اں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق لاشوں اورزخمی ہونے والے افراد کو غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے مستونگ میں قبائلی رہنما سردار زادہ میر محمد خان ابابکی اورانکے ساتھیوں کےقتل پردکھ وافسوس اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ دہشت گردی کی کاروائی میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
میر عبدالقدوس بزنجو نےواقعہ کےپس پردہ محرکات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی اور کہا کہ قبائلی تنازعات بھی امن کے قیام میں ایک بڑی رکاؤٹ ہیں ، دیرپا امن کےلئےقبائلی تنازعات اور تصفییہ طلب مسائل کو صوبے کی دیرینہ روایات کے مطابق حل کیاجائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ضلع مستونگ کے رہنما میر محمد خان ابابکی اور ان کے ساتھیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میر محمد خان ابابکی اور ان کے ساتھیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور تحقیقات کرائی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں پولیٹکل ایکٹوسٹ کا غیرمحفوظ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میر محمد خان ابابکی کی شہادت پی پی پی بلوچستان کے ڈپٹی اطلاعات سیکریٹری سردار ثناء اللہ ابابکی سمیت تمام لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں قیادت اور جیالے آپ کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے ثناءاللہ ابابکی کے نام تعزیتی پیغام میں شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.