دوسرا ٹی 20، بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف

59

ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگال ٹائیگرز نے نجم الحسین شنتو کے 40 رنز کی بدولت پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7  وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔ نجم الحسین شنتو 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عفیف حسین 20، محمود اللہ 12 اور نورالحسن 11 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 15 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاداب خان نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، خوشدل شاہ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کی قیادت محمود اللہ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد نعیم، سیف حسن، نجم الحسین شنتو، عفیف حسین، نورالحسن، مہدی حسن، امین الاسلام، تسکین احمد، شوریف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

تبصرے بند ہیں.