ملک میں عمران نیازی کی حکومت قائم نہیں رہنے دیں گے ، شہباز شریف

63

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں عمران نیازی کی حکومت قائم نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت آٹا چینی روٹی نہیں دے سکتی وہ عوام کو گھر اور نوکریاں کہاں سے دے گی ۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب  اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن چیمبر میں ہوا، جس میں  مشترکہ اجلاس میں حکومت کی قانون سازی بلڈوز کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا، اس موقع پر  متحدہ اپوزیشن نے حکومتی قانون سازی عدالت میں چیلنج کرنے پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کی فسطائیت اور آئین دشمنی کو چیلنج کریں گے، اور اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی اصلاحات اتفاق رائے کے بغیر ہوئی ہیں ۔ 

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئین حکومتی قانون سازی کو قانونی نہیں مانتا ہم فرمانِ عمران نیازی مسترد کرتے ہیں، موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے اوراب آئین پر حملہ آور ہے، عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے، ظالم ، عوام دشمن اور قانون شکن حکومت کا ساتھ دینے والے عوام کے مجرم ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ  الیکشن کمشن کا بیان حکومتی قانون سازی ، ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے، عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے، ایل پی جی، آٹا، چینی، دوائی، بجلی گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، جو حکومت ایک کلو آٹا، چینی اور سلنڈر سستا نہیں کرسکتی، وہ نیا گھر دینے کی بات کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، اپوزیشن کے اتحاد اور جذبے کو سراہتا ہوں، اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی۔

تبصرے بند ہیں.