ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈھاکہ میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی جھنڈا لہرانے پر بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ سیخ پا ہو گئے اور سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 19 نومبر کو ڈھاکہ میں شیڈول پہلے ٹی 20 میچ کی تیاریوں مصروف ہے اور اس ضمن میں ہونے والے پریکٹس سیشن کے دوران قومی کھلاڑیوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ٹریننگ کے دوران گراؤنڈ میں پاکستانی جھنڈا لہرایا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے میرپور کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں پریکٹس سیشن کے دوران جھنڈا لہرائے جانے پر بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ ناراض ہوگئے ہیں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے سخت ایکشن لینے اور سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے میرپور گراؤنڈ میں اپنا قومی پرچم لہرا کر پروٹوکول توڑا جبکہ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ پاکستان نے سیاسی پیغام دینے کیلئے جان بوجھ کر اپنا قومی پرہم لہرایا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کل ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہو گا جبکہ سیریز کے دیگر 2 ٹی 20 میچز 20 اور 22 نومبر کو شیڈول ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے ٹی 20 میچ کیلئے 12 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے جس کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں اور نائب کپتان شاداب خان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، حیدر علی، فخر زمان، شعیب ملک، خوشدل شاہ، محمد نواز، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.