سیمی فائنل میں قومی ٹیم کے جیتنے کی صورت میں وزیراعظم کا فائنل دیکھنے کیلئے دبئی جانے کا امکان

64

اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی کامیابی پر وزیراعظم پاکستان کا فائنل دیکھنے کیلئے دبئی جانے کا امکان ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی اور دوسرا سیمی فائنل میچ آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قومی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آج پاکستان سیمی فائنل میں کامیاب ہو گیا تو وزیراعظم عمران خان فائنل میچ دیکھنے کیلئے دبئی جا سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے قریبی رفقاءسے فائنل میچ دبئی میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی۔ 
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کیلئے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی فلو اور بخار سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی ہے اور دونوں کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.