’آج کا میچ جیت کر فائنل میں نیوزی لینڈ کی سیکیورٹی کامسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے‘

55

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک بار پھر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹرول کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل جیت کرفائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپورطریقے سے حل کرنا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج دو بڑی اورتگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان ٹیم جس شاندارکھیل کا مظاہرہ کررہی ہے ایسی کارکردگی ماضی میں بہت کم رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے اور آج کا میچ جیت کرفائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپورطریقے سے حل کرنا ہے۔ آج تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر سٹار بننے کا موقع ہے، ٹیم کے 5 مختلف پلیئرزکو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل آج پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی فلو اور بخار سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دیدی ہے جس کے باعث شائقین کرکٹ میں خوب جوش و خروش پایا جا رہا ہے جو بے صبری سے میچ شروع ہونے کے منتظر ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.