سیمی فائنل سے قبل پاکستانیوں کیلئے شاندار خوشخبری آ گئی

158

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل سے پہلے پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے بخار اور فلو سے چھٹکارا حاصل کرلیا ہے اور دونوں کھلاڑی اہم میچ کیلئے فٹ ہیں۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان اور شعیب ملک مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں اور آج آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ٹی 20 سیمی فائنل میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں نے نزلے اور بخار کے باعث ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا تھا جس کے بعد چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ شعیب ملک اور محمد رضوان سیمی فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور انہوں نے آج کے اہم ترین میچ کیلئے اپنی دستیابی سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کردیا ہے تاہم میچ سے قبل دونوں کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے نتائج دیکھنے کے بعد ہی انہیں ٹیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہو گا۔ 
یاد رہے کہ محمد رضوان اور شعیب ملک ان پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے حالیہ ٹی 20 میں پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ دوسری جانب شائقین کرکٹ نے بھی شعیب ملک اور محمد رضوان کی آج کے میچ میں دستیابی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.