ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا

92

ابوظبی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا پہلا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا جس میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی فائنلسٹ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پھر آمنے سامنے ہوں گی۔

انگلینڈ جسے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم سمجھا جا رہا ہے اس کے بیٹسمین بھرپور فارم میں ہیں لیکن بیٹنگ کا دارومدار جوز بٹلر پر ہے۔ جو اب تک انگلش ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں، جیسن رائے ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے اور ان کی جگہ جیمز ونس کو شامل کیا گیا ہے۔

کپتان مورگن، ڈیوڈ ملان اور لیام لیونگٹسن بھی اچھی فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں عادل رشید اور کرس ووکس کیوی بیٹرز کے لیے مشکل پیدا کر سکتے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی بیٹنگ کا انحصار کپتان کین ولیم سن پر ہو گا جبکہ مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل اور ڈیون کونوے بھی اب تک ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرتے آئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرز ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 6 سے بھی کم اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہی دونوں ٹیمیں 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں مد مقابل تھیں جب انگلینڈ نے سپر اوور میں مقابلہ جیت کر ٹائٹل حاصل کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.