بھارت کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق مذاکرات، چین کا شرکت سے انکار

86

بیجنگ: پاکستان کی جانب سے بھارت کی میزبانی میں افغانستان کے حوالے سے خطے کی سیکیورٹی پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت سے انکار کے چند دنوں بعد چین نے بھی شرکت سے منع کر دیا۔

 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے مذاکرات کے شیڈول کو وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کے لیے مذاکرات میں شرکت کرنا دشوار ہے اور ہم پہلے بھارت کو اپنا جواب دے چکے ہیں۔ 

 

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی میزبانی میں 10 نومبر کو افغانستان پر دہلی ریجنل سیکیورٹی ڈائیلاگ ہوگا، جس کی صدارت بھارتی قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت دوول کریں گے۔

 

بھارت کی خارجہ امور کی وزارت کے مطابق اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی اور عوام کی مدد کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ امن و استحکام اور خوش حالی کو فروغ ملے۔ 

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 7 ممالک نے ان مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں ایران، قازقستان، کرغیزستان، روس، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

 

خیال رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں پاکستان نے بھارت کی میزبان میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت سے انکار کیا تھا۔

 

قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ میں نہیں جا رہا ہوں اور ایک اسپائلر پیس میکر نہیں بن سکتا ہے۔  انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقو کی خلاف ورزیوں اور خطے میں نئی دہلی کے توسیع پسندانہ منصوبے کے حوالے سے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

 

خطے میں امن اور ترقی کے حصول میں پاکستان کو درپیش رکاوٹوں کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں خطے کی رکاوٹیں آپ کے سامنے ہیں اور اس پر بحث کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے’۔

 

 

تبصرے بند ہیں.