کورونا وبا کے باعث عائد سفری پابندیوں کو امریکا نے اٹھا لیا

67

واشنگٹن: امریکا نے کورونا وبا کے باعث عائد سفری پابندیوں کو اُٹھا لیا اور متعدد ممالک کے لیے اپنی فضائی راستے کھول دیئے ہیں۔ 

 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کورونا وبا کی وجہ سے یورپ، کینیڈا اور میکسیکو سمیت 33 ممالک پر عائد سفری پابندیاں ختم کردی ہیں جس کا اطلاق آج سے ہو گا۔ یہ سفری پابندیاں گزشتہ برس کے اوائل میں لگائی گئی تھیں تاہم اب صرف ایسے بین الااقوامی مسافروں کے لیے ختم کی گئی ہیں جن کے پاس کورونا ویکسین کورس مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ ہو۔

 

یہ پابندیاں امریکا میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہونے کے باعث اُٹھائی گئی ہیں جس کے بعد رواں ہفتے ایئر کمپنیز پر مسافروں کا بوجھ دگنا ہوجائے گا جس کے لیے پہلے ہی امریکی صدر خبردار کرچکے ہیں۔

 

امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایئرلائن کمپنیاں خود کو مسافروں کی بڑھتی ہوئی اچانک تعداد کا بوجھ اُٹھانے کے لیے تیار کرلیں جب کہ کینیڈا اور میکسیکو سے زمینی اور سمندری راستوں سے آنے والے لمبی قطاروں میں انتظار کے لیے خود کو تیار رکھیں۔

 

واضح رہے کہ امریکا کورونا سے متاثر ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے تاہم ویکسینیشن کے بعد اب نئے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.