پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل کب کھیلا جائے گا اور میچ کتنے بجے شروع ہو گا؟ درست معلومات اور وقت جانئے

207

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلہ اختتام کے قریب ہے اور آج آخری میچ بھارت اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جانا ہے جس کے بعد 10 نومبر سے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز ہو گا اور دنیائے کرکٹ کی 4 بڑی ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔
سپر 12 مرحلے میں گروپ اے سے انگلینڈ پہلے نمبر پر رہی اور آسٹریلیا نے دوسرے نمبر پر اپنا سفر ختم جبکہ گروپ بی میںاب تک ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم 10 پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبرپر رہی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
شیڈول کے مطابق ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 10 نومبر بروز بدھ شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر بروز جمعرات پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ دونوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔
گروپ اے سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیابی حاصل کی اور اسے صرف جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی 5 میچز میں سے 4 میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں پہنچی اور اسے پاکستان کے خلاف واحد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب گروپ بی سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے جس نے بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کو شکست دے کر پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ گروپ اے سے آسٹریلیا نے 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں پہنچی اور اسے صرف انگلینڈ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.