پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

77

اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ، اجلاس میں دس نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا جائے گا ۔

 

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور مریم نواز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے ، محمود خان اچکزئی ، سردار اختر مینگل ، آفتاب شیر پاؤ ، شاہد خاقان عباسی اور مولانا اویس نورانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر قائدین بھی شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا ۔

 

دوسری جانب ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے قومی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ٹیلی فون پر گفتگو ، قائد حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی ۔

 

قائدین نے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی شہباز شریف کی تجویز سے اتفاق کیا ۔

 

قائدین نے اتفاق کیا کہ نیا پاکستان مہنگا ترین پاکستان بن چکا ہے ۔ پی ٹی آئی عوام کے لئے ‘پریشانی ، تکلیف اور انتقام’ بن چکی ہے ۔ قائدین نے نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.