مہنگائی کا طوفان ،مولانا فضل الرحمن پھر متحرک ،ہنگامی اجلاس طلب کر لیا 

116

اسلام آباد:مولانا فضل الرحمن  نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلا س طلب کر لیا جس میں نواز شریف ،مریم نواز ،شہباز شریف سمیت دیگر پارٹیوں کے اہم رہنما بھی شرکت کرینگے ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس بروز ہفتہ کو طلب کرلیا،اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی قیادت وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرے گی،اجلاس میں دس نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گاجس میں حکومت کی طرف سے تیس سے زائد قوانین کی منظوری کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا ۔

ذرائع کے مطابق پی  ڈی ایم کا  اجلاس بروز ہفتہ سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگا، اجلاس  کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے،پی ڈی ایم کے کل ہونے والے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز بھی شرکت کریں گے۔اجلاس میں محمود خان اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیر پاؤ بھی شرکت کریں گےاس کے علاوہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور مولانا اویس نورانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس سے ای وی ایم، ای ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت اٹھارہ بل پاس کروائے جائیں گے،اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.