فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ، کروڑوں کے جرمانے اور گرفتاریاں

75

لاہور:پنجاب میں فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف حکومت ان ایکشن ۔صرف پچیس دنوں کے کریک ڈاؤن میں دوکروڑ کے جرمانے اورگرفتاریاں جاری ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کا فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے  ۔اب تک آلودگی کا سبب بننے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں آٹھ سو سے زائد مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ ایک سو سے زائد افراد نے جیل کی ہوا کھائی ہے ۔

جوڈیشل واٹراینڈ انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر سے دو نومبر تک کے کریک ڈاؤن میں بھٹوں کو ایک کروڑ اڑسٹھ لاکھ سے زائد جرمانے کئے گئے۔پنجاب حکومت کی ہدایت پر جاری کریک ڈاؤن میں تین ہزار ایک سو پینتیس بھٹوں کی چیکنگ کے دوران، چھ سو پندرہ ایف آئی آر درج ہوئیں اور بیس افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 224 بھٹے سیل کردیئے گئے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق اسموگ کا باعث بننے والی چار ہزار آٹھ سو چونسٹھ وہیکلز کو چھبیس لاکھ چوہتر ہزار سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔پنجاب بھر میں کمیشن نے ایک سو انڈسٹریل یونٹس کو سیل، ایک سو ستتر کیخلاف ایف آئی آر اور پچاس افراد کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف لاہور میں 27 انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا، 2084 گاڑیوں کی انسپکشن، پانچ سو سڑسٹھ کو چالان اور چھ لاکھ ترپن ہزار سے زائد جرمانہ کئے جاچکے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.