شعیب اختر کیساتھ بدتمیزی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے معافی مانگ لی

198

لاہور: سرکاری ٹیلی ویژن کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے لائیو پروگرام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر سے تلخ کلامی کے معاملے پر معافی مانگ لی ہے۔ 
ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا کہ پروگرام میں آن ائیر مجھ سے جو ہوا اس پر آنے والا ردعمل بالکل جائز تھا اور مجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ آن ائیر یہ سب کچھ کرتا، غلطی میری تھی پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی، تم نے غلطی کی، اس وقت شعیب اختر سٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہئے تھا۔ 
ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ لائیو پروگرام کے دوران جو غلطی میں نے کی اس پر ایک بار نہیں بلکہ ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر سٹار ہیں اور مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے، جو کچھ ہوا، وہ نہیں ہونا چاہئے تھا لیکن اب میں خمیازہ بھگت رہا ہوں اور ہر طرح کا خمیازہ بھگتنے کو تیار ہوں۔ 
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز نے سپورٹس پروگرام میں شعیب اختر کے ساتھ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا اور شو سے چلے جانے کا کہہ دیا تھا جس کے جواب میں شعیب اختر نے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ردعمل دینے کے بجائے لائیو شو میں ہی چینل سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.