مسجد وزیرخان کیس ، اداکارہ صبا قمر نے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دے دی

110

لاہور: مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور مسجد کا تقدس پامال کرنے کے کیس میں اداکارہ صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے ضلع کچہری میں مسجد وزیر خان میں شوٹنگ ، رقص کی  ویڈیو بنانےکے  کیس کی سماعت ہوئی ۔ مسجد کا تقدس پامال کرنے کے معاملے میں کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے  کی۔

اداکارہ صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائرکردی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ  صبا قمر کچھ دنوں سے بخار میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بیماری کی تشخیص کے لیے خون کے نمونے نجی لیبارٹری کو دیئے ہیں۔ بیماری کی بنیاد پر صبا قمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ درخواست کے ساتھ صبا قمر کی ٹیسٹ کے لیے نمونے کی رسید بھی دی گئی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ صبا قمر اور بلال سعید کو طلب کر لیا۔ اس کے علاوہ عدالت نےاگلی سماعت پر ملزموں کی بریت کی درخواست پر وکلا کو بھی طلب کرلیا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سوشل میڈیا پر صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کیا گیا تھا۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔ مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی کرنے پر اداکارہ اور گلوکار کے خلاف فرحت منظور خان کی مدعیت میں لاہور کے اکبری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.