ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت افغانستان کو شکست دیکر پھر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہو گیا

100

ابو ظہبی :ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی،افغانستان کی شکست کے ساتھ ہی  بھارت پھر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

 

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق بھارت نے افغانستان کو شکست دیکر ایک دفعہ پھر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں لگا لیں ،بھارت سے شکست کے بعد افغانستان اور نیوزی لینڈ کا میچ انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے جو بھارت کی قسمت کا فیصلہ کریگا۔

 

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی،بھارتی اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز امیں بیٹنگ کی اور  پہلے 10اوورز میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔روہت شرما نے فارم میں واپس آتے ہوئے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جبکہ لوکیش راہل نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی اسکور کی۔

 

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد روہت شرما کور میں کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ،گلبدین نے راہول کی وکٹیں بکھیر کر افغانستان کو دوسری کامیابی دلا ئی۔

 

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود پانڈیا اور پنٹ نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اختتامی اوورز میں چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی،بھارت نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے جو اب تک اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

 

افغانستان کے خلاف 13 رنز پر ہی  بھارت کو پہلی کامیابی  اس وقت مل گئی   جب شامی نے محمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا،اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں حضرت اللہ زازئی کیچ ہو گئے۔

 

رحمٰن اللہ گرباز نے دو چھکوں کی مدد سے 19رنز بنائے لیکن رویندرا جدیجا نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 59 کے مجموعے پر گلبدین نائب بھی 18رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے،نجیب اللہ زدران بھی صرف 11 رنز بنا سکے اور ایشون نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی۔

 

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد محمد نبی کا ساتھ دینے کریم جنت آئے اور دونوں نے 47رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی،افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بناسکی۔

 

اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کی پھر سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن ہوگئی ہیں جہاں اس نے نہ صرف 2  قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ بھاری مارجن سے افغانستان کو شکست دے کر اپنا رن ریٹ بھی مثبت کرلیا۔

تبصرے بند ہیں.