افغانستان کیخلاف اہم میچ سے قبل بھارتی ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں

159

نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو پے در پے شکستوں کا سامنا ہے اور آج اسے افغانستان کے خلاف اہم میچ کھیلنا ہے مگر اس سے پہلے ہی ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جبکہ سابق انگلش کرکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشوین کو ویرات کوہلی کے کہنے پر سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ 
غیر ملکی رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل فیورٹ قرار دی جانے والی بھارتی ٹیم کے اب سیمی فائنل سے باہر ہونے کی قیاس آرائیاں جارہی ہیں جسے ٹورنامنٹ میں رہنے کیلئے ناصرف بقیہ تین میچز جیتنا ہوں گے بلکہ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا، مگر افغانستان کے خلاف اہم میچ سے قبل ہی بھارتی ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔
انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی نک کومپٹن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ معروف بھارتی سپنر روی چندرن ایشوین کو کپتان ویرات کوہلی کی ایماءپر ہی سکواڈ سے باہر رکھا گیا۔ کپتان کو یہ سب کرنے کا اختیار ہونا چاہئے؟ 
روی چندرن ایشوین بھارتی تاریخ کے کامیاب ترین سپنرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ایک روزہ میچز اور ٹی20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 615 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور موجودہ ٹی 20 ورلڈکپ میں اگرچہ بھارت کی بیٹنگ دھاک بٹھانے میں کامیاب نہیں ہو سکی مگر اس کی باؤلنگ لائن کو شدید دباؤ کا شکار ہے۔ 
بھارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد بھارتی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیلئے مزید جذبے کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے تھا لیکن اس کے برعکس کھلاڑیوں کے چہرے اترے نظر آئے اور بلے باز تیز ترین فارمیٹ میں 71 گیندوں تک کوئی بھی باؤنڈری نہ لگا سکے، جس کے باعث بھارتیوں کے شکوک و شبہات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 
دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایونٹ سے پہلے ہی یہ اعلان کرچکے ہیں کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایونٹ کے بعد کپتانی سے دستبردار ہو جائیں گے مگر اب یہ کہا جا رہا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انہیں کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کی ہمدردیاں روہت شرما کے ساتھ ہیں اور کھلاڑی کرکٹ کے حوالے سے ویرات کوہلی کیساتھ بات بھی کرنا چاہیں، تو انہیں موقع نہیں ملتا۔ 

تبصرے بند ہیں.