افغانستان کی ٹیم بھارت کے لئے بڑا خطرہ بن چکی ہے ، سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر

84

ممبئی : سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے افغانستان کی ٹیم کو بھارت کے لئے بڑا خطرہ قرار د ےدیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی ٹیم نڈر ہوکر کھیلتی ہے جبکہ بھارتی ٹیم خوف کا شکار ہوچکی ہے ۔

سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے ایک ویب سائٹ سے انٹرویو میں کہا ہے کہ افغان ٹیم کے پاس بہت اعلیٰ قسم کے سپنر موجود ہیں اور وہ بھارتی ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے باؤلر اس وقت اتنے پراعتماد نہیں ہیں ۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم جب گراؤنڈ میں آتی ہے تو وہ نڈر ہوکر کھیلتے ہیں اور اس وقت ان کا مورال ہائی ہے ان کو کسی بھی ملک کے خلاف کھیلنا پڑے وہ نڈر ہوکر کھیلیں گے لیکن بھارتی ٹیم اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے کیونکہ ان کو اپنی بقا کی پڑی ہوئی ہے اور کوئی کم خطرہ بھی ان کے لئے بہت بڑا لگ رہا ہے ۔ 

سنیل گواسکر نےاپنے انٹرویو میں  افغان ٹیم کو کیلے کے چھلکے جیسا حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی انہیں ہلکا لیتا ہے تو وہ کئی بار گرے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اسپنرز بھارت کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے اسپنرز کے مقابلے میں زیادہ سخت چیلنج دیں گے لہٰذا اگر بھارتی بلے باز ان کے حملوں کا جواب دینا چاہتے ہیں تو انہیں جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔

سنیل گواسکر نے خاص طور پر افغان اسپنر راشد خان کو بھارتی ٹیم کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور کہاکہ بھارت کو مجیب الرحمان اور راشد خان کے خلاف دو مختلف کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، دونوں بولرز کے خلاف کچھ مختلف کرنا چاہیے۔

بھارت اور افغانستان کا  میچ آج شام کو ہوگا، افغانستان اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر ہے اور اگر اس نے بھارت کو شکست دے دی تو اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔

تبصرے بند ہیں.