فلموں میں آنے کے لئے والد سے بڑی مشکل سے اجازت ملی ، ایشا دیول

193

ممبئی: بالی وڈ کی اداکارہ ایشادیول نے کہا ہے کہ  بالی وڈ کے  کامیاب اداکار بیٹیوں کے فلموں میں آنے سے گھبراتے ہیں ۔ بھارتی اداکار دھرمیندر نے بھی اپنی بیٹی کی فلموں میں انٹری پر کافی ناراضگی کا اظہار کیا تھا لیکن بالاآخر وہ بیٹی کی خواہش کے سامنے مجبور ہوگئے ۔

بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق سینئر بالی وڈ سٹار دھرمیندر اور اداکارہ ہیمامالنی کی بیٹی ایشادیول نےسیمی اگروال سے  ایک انٹرویو میں فلموں میں انٹری کے لئے والد کی اجازت کے بارے میں انکشافات کئے ہیں ۔

ایشادیول کا کہنا تھا کہ جب میں نے کم عمری میں والد ( دھرم جی ) سے فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ کافی پریشان ہوئے کیونکہ وہ اپنی بیٹیوں کو فلموں میں کام کرنے کی بجائے گھر میں کام کرتا دیکھنا چاہتے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کے اکثر کامیاب اداکار اپنی بیٹیوں کو فلم انڈسٹری میں نہیں دیکھناچا ہتے ۔

ایشادیول نے کہا کہ پہلے تو دھرم جی نے میرے فلموں میں کام کرنے سے صاف انکار کیا اور کہا کہ تم اداکاری کی بجائے کوئی اور فیلڈ چن لو ۔ والد کے فیصلے کے خلاف کوئی اقدام اٹھانے کی میری جرات بھی نہیں تھی ۔

ایشادیول نے کہا کہ ہم دونوں بہنوں ( ایشا دیول  ، اہانا دیول ) کی پیدائش کے بعد سے  ہی والد نے گھر میں یہ کہنا شروع کردیا تھا کہ میری بیٹیاں فلموں میں کام نہیں کریں گی ۔

پھر جب ہم نےشوق کی خاطر ڈانس سیکھنا شروع کردیا تو انہوں نے ہمیں ڈانس کی اجازت تو دی لیکن یہ بھی کہتے تھے کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ آنے والے دنوں میں تم لوگ فلموں میں کام کرو ۔

ایشا دیول نے کہا کہ پھر میں نے آہستہ آہستہ والد کو اپنے فلموں میں کام کرنے پر راضی کرلیا وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ لڑکیوں کو گھر میں بیٹھنا چاہئے ۔ ہمیں گھر سے زیادہ باہر جانے کی بھی اجازت نہیں تھی لیکن ہماری والدہ ہمارا اکثر ساتھ دیتی تھیں ۔ پھر ایک وقت آیا جب والد نے میرے فلموں میں کام کرنے کی اجازت دے دی ۔

تبصرے بند ہیں.