نیوزی لینڈ سے شکست ، بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ؟

117

 

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ کیویز نے 111 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد بھارت کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہوگیا ہے اور کوہلی الیون سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہوچکی ہے۔

 

دبئی میں کھیلے جارہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم معرکے میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی بیٹنگ لائن  شروع سے آخر تک مشکلات کا شکار رہی، کوئی ایک بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔

 

بھارت کی طرف سے  ایشان کشان اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا، کشان 4 اور راہل 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان ویرات کوہلی 9 اور روہت شرما 14 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔ رشبھ پانٹ 12 اور ہاردک پانڈیا 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ 3، ایش سوڈھی 2، ٹم ساؤتھی اور ایڈم ملنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

نیوزی لینڈ نے بھارت کی طرف سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں پورا کرلیا۔ اس طرح بھارت کے  سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہوگئے ہیں ۔ بھارت اب سیمی فائنل میں اسی صورت پہنچ سکتا ہے جب نیوزی لینڈ اپنے باقی تین میچوں میں سے کوئی ہارے اور بھارت اپنے تمام میچ بھاری مارجن سے جیتے جو کہ بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.